ساہیوال (چوہدری خاورعلی سے)ڈائریکٹر کالجزساہیوال ڈویژن شباب فاطمہ نے کہا ہے کہ متوازن شخصیت سازی میں کھیلیں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور طالبات کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی دلچسپی لیں -صحت مند ذہن نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں توازن برقرار رکھے بغیر ممکن نہیں،اساتذہ کو چاہیے کہ وہ طالبات میں کھیلوں سمیت ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا شوق پیدا کریں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں -انہوں نے یہ بات پوسٹ گریجویٹ کالج میں طالبات کے سپورٹس ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں مہمان اعزاز سول ڈیفنس آفیسر فریحہ جعفر تھیں -تقریب میں پرنسپل،اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی -انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی بھر پور حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور تمام بوائز اور گرلز کالجز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائیں -انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں توازن برقرار رکھیں اور کھیلوں کے ساتھ ساتھ پڑھائی پر بھی توجہ دیں -اس سے پہلے سپورٹس ڈے کا آغاز رنگا رنگ مارچ پاسٹ سے ہوا جس میں مختلف شعبوں کی طالبات نے حصہ لیتے ہوئے کھیلوں کے دوران سپورٹس مین سپرٹ برقرار رکھنے کا حلف لیا –