لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کورونا وائرس کے باعث پی ایس ایل کے ناک آﺅٹ مرحلے کو ملتوی کر دیا ہے تاہم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کی جانب سے اس فیصلے کی مخالفت کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کے باعث معمولات زندگی معطل ہو کر رہ چکے ہیں اور کھیلوں کے میدان بھی اس سے محفوظ نہیں رہے جس کی وجہ سے ابتدائی طور پر پی ایس ایل کے ناک آﺅٹ مرحلے کو سیمی فائنل میں تبدیل کیا گیا جس کے تحت ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جانا تھا جبکہ دوسرا سیمی فائنل لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے مابین ہونا تھا۔
تاہم کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر پی سی بی نے تمام سٹیک ہولڈرز اور فرنچائز مالکان کیساتھ مشاورت کے بعد ناک آﺅٹ مرحلہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ نجی خبر رساں ادارے ”92 نیوز“ نے انکشاف کیا ہے کہ جاوید آفریدی نے میچز ملتوی نہ کرنے پر زور دیا لیکن پی سی بی نے پرزور اسرار کے باوجود ناک آوٹ مرحلے کے میچز منسوخ کر دیئے۔
رپورٹ کے مطابق پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کا موقف تھا کہ صرف 2 دن کے میچز باقی ہیں، اس لئے معاملے کو مزید لٹکانے کی بجائے سیمی فائنلز اور فائنل کا انعقاد کروا لینا ہی بہتر ہے لیکن پی سی بی نے ان کی بات نہ مانتے ہوئے ایونٹ کے آخری میچز ملتوی کر دئیے۔