کراچی (نمائندہ خصوصی)کورونا وائرس نے قیمتی انسانی جانوں کے بعد اب معیشت پر بھی اپنے وار تیز کر دیئے ہیں ، انٹر بینک میں ڈالر مزید مہنگا ہو گیاہے اور سٹاک مارکیٹ میں بونچال آ چکاہے ، شدید مندی کے باعث مارکیٹ لاک ہو گئی اور کاروبار دو گھنٹے کیلئے معطل کر دیا گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بینک میں کاروبار کے دوران ڈالر پہلے پچاس پیسے مہنگا ہوا تاہم یہ سلسلہ یہیں رکا نہیں بلکہ کچھ دیر کے بعد اس میں مزید اڑھائی روپے کا اضافہ ہوا اور یو ں تین روپے اضافے کے ساتھ ڈالر انٹر بینک میں 162 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیاہے ۔گزشتہ دو روز میں ڈالر کی قدر میں تین روپے 33 پیسے تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔
دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں کاروباری افراد کو شدید نقصان اٹھانا پڑ رہاہے ، کورونا وائرس کے اثرا سٹاک مارکیٹ پر گہرے ہوتے جا رہے ہیں اور آج 100 انڈیکس نے شدید مندی کے بعد 28 ہزار کی نفسیاتی حد بھی کھو دی ہے ۔
سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس 28 ہزار 564 کی سطح پر تھا تاہم کچھ ہی دیر میں اس میں شدید مندی چھا گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے انڈیکس 1270 پوائنٹس نیچے جا گرا ۔ انڈیکس میں شدید مندی کے بعد مارکیٹ لاک ہو گئی اور کاروبار کو دو گھنٹے کیلئے روک دیا گیاہے ۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1000 تک جاپہنچی ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اب تک 28 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 7 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں تاہم 19 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے ہیں ۔