• Thu. Jul 3rd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

تیل کی قیمتیں 18 برس کی کم ترین سطح پر، ناقابل یقین خبر آگئی

Apr 1, 2020

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 18سال کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔ میل آن لائن کے مطابق کورونا وائرس کی وباءکے باعث تیل کی کھپت میں کمی آنے کے باعث قیمتیں 21ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے آ گئی ہیں اور ماہرین خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ ان میں مزید کمی ہو سکتی ہے اور ممکنہ طور پر یہ 10ڈالر فی بیرل تک آ سکتی ہیں، کیونکہ دنیا بھر میں تیل کی کھپت میں واضح کمی آ رہی ہے اور ممالک کے پاس تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہوتی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال کے آغاز پر تیل کی قیمت 69ڈالر فی بیرل تھی جس میں اب تک دو تہائی کمی آ چکی ہے۔ صرف گزشتہ ایک دن میں تیل کی قیمتوں میں 12فیصد کمی واقع ہوئی اور وہ 20.77ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئیں۔ 2002ءکے بعد پہلی بار قیمتوں میں اتنی زیادہ کمی آئی ہے۔ ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کی وباءپھوٹنے سے قبل دنیا میں 10کروڑ بیرل یومیہ تیل استعمال ہو رہا تھاجس میں رواں ہفتے تک ایک تخمینے کے مطابق 2کروڑ 60لاکھ بیرل کی کمی آ چکی ہے۔ یہ استعمال نہ ہونے والا تیل ممالک کے ذخائر میں جمع ہو رہا ہے اور اب مزید تیل جمع کرنے کی گنجائش بتدریج ختم ہوتی چلی جا رہی ہے جس کی وجہ سے تیل مانگ کم ہو رہی ہے او راس کے نتیجے میں قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں۔