اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے تمام فوڈ پراڈکٹس پر ہرطرح کی ڈیوٹی ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا اور کہا ہے کہ بجلی اور گیس کے بل واجب الادا ہیں تو فوری ادا کرنے کی ضرورت نہیں، وہ تین ماہ بعد ادا کیے جاسکتے ہیں،اس پیسے کے اثرات حکومت برداشت کرے گی اور اس مقصد کیلئے اضافی ایک سو ار ب روپے رکھے گئے ۔
ایکسپورٹ انڈسٹری کو مراعات دینے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مشیرخزانہ حفیظ شیخ نے بتایا کہ بجلی اور گیس کے بل 3ماہ میں اداکیے جاسکیں گے، تمام فوڈ پراڈکٹس پر بھی ڈیوٹی ختم کردی گئی ہے اور حکومت کی طرف سے 200ارب روپے کی گندم خریدنے جارہی ہے، اس کا بنیادی مقصد زراعت سے وابستہ لوگوں کسان وغیرہ کو امداد مہیا کرنا ہے تاکہ ان کا معاشی نظام متاثر نہ ہو۔
اسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس سے کمزور طبقے کو بہت نقصان ہوا ہے، کاروبار اور صنعتی زون کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔موجودہ صورت حال سے صرف پاکستان نہیں پوری دنیا کی معیشت متاثر ہوئی، کورونا وائرس سے بھوک کا مسئلہ پیدا ہوا ہے،ہم نے 14اپریل تک لاک ڈاوَن میں توسیع کی اور مزدور طبقے کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ کمزور طبقے کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمے داری ہے۔ پاکستان کے کمزور طبقے کو کورونا وائرس سےمعاشی خطرات لاحق ہیں۔