لاہور (نمائندہ خصوصی)کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور اس کے ساتھ ہی کورونا کے باعث بڑے بڑے ممالک کی معشتیں بھی شدید متاثر ہوتی دکھائی دے رہی ہیں ۔ پاکستان میں بھی وائرس کے اثرات ڈالر کی قیمت اور سٹاک مارکیٹ پر دکھائی دے رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قدر میں 9 پیسے اضافہ ہواہے جس کے بعد قیمت 166 روپے 70 پیسے پر پہنچ گئی ہے ۔دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں بھی ہفتے کے پہلے روز کاروبار میں مندی دیکھنے میں آئی ہے ، سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغازہوا تو انڈیکس 32 ہزار 33 پوائنٹس پر تھا تاہم کچھ ہی دیر کے بعد اس میں 556پوائنٹس کی کمی ہوئی اور انڈیکس 31 ہزار 477 پوائنٹس پر آ گیاہے ۔
پاکستان میں بھی کورونا نے اپنے وار تیز کر دیئے ہیں اور اب تک 93 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہزار 374 پر جا پہنچی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 233 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 336 افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد مریضوں کی تعداد 5 ہزار 374 ہو گئی ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید سات افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
کورونا وائرس سے اب تک ایک ہزار 95 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 44 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جن کا مختلف قرنطینہ سینٹر ز میں علاج جاری ہے ۔