• Sat. Jun 28th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

”بین الاقوامی کرکٹ میں صرف اسی وقت واپس آ سکتا ہوں جب۔۔۔“ اے بی ڈویلیئرز نے واضح پیغام دیدیا

May 1, 2020

جوہانسبرگ (نمائندہ خصوصی) جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ میں اسی وقت واپس آ سکتا ہوں جب میری فارم اچھی ہو البتہ میرے ٹیم ممبران چاہتے ہیں کہ میں جنوبی افریقہ کیلئے دوبارہ کھیلوں۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹسمین اے بی ڈی ویلیئرز نے 2018ءمیں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا تاہم اب ان کی بین الااقوامی کرکٹ میں واپسی کی راہیں دوبارہ ہموار ہونے لگی ہیں۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں اپنی واپسی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے ٹیم ممبران چاہتے ہیں کہ میں جنوبی افریقہ کیلئے دوبارہ کھیلوں اور اس کیلئے جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ نے مجھ سے رابطہ بھی کیا تھا لیکن اب میں ٹیم میں اسی وقت کھیل سکتا ہوں جب اچھی فارم میں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرے لئے سب سے ضروری یہ ثابت کرنا ہے کہ میں دوسرے کھلاڑیوں سے بہتر ہوں اور اس کیلئے اچھی فارم میں ہونا ضروری ہے۔اگر مجھے لگا کہ میں ٹیم میں رہنے کے قابل ہوں تو آخری الیون میں شامل ہونا میرے لئے بہت آسان ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی شرکت کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان فارم، فٹنس اور گزشتہ سال انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنا ٹی 20 ورلڈ کپ میں نہ لوٹنے کی وجہ بن سکتا ہے۔