( عمران خان )
پشاورکیپٹل سٹی پولیس پشاور نے شہری سے اسلحہ کی نوک پر نقدی اور موبائل چھینے والے گروہ کے دو ارکان کو پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کر لیا، ملزمان بھانہ ماڑی کی حدود میں شہری سے لاکھوں روپے چھین کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوئے جس پر قریبی موجود پولیس پارٹی نے تعاقب شروع کیا، ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کی خاطر پولیس پارٹی پر بھی فائرنگ شروع کی جن کی فائرنگ سے پولیس اہلکار بال بال بچ گئے، دونوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جن کی نشاندہی پر ان کے قبضے سے چھینے گئے ساڑھے پانچ لاکھ روپے نقد، موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ بھانہ ماڑی سردار حسین علاقہ لنڈی ارباب میں معمول کی گشت پر موجود تھا کہ اس دوران فائرنگ کی آواز سن کر فوری جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوا جہاں نامعلوم مسلح ملزمان مدعی آصف خان ولد وکیل سکنہ امین کالونی شخص سے اسلحہ کی نوک پر ساڑھے پانچ لاکھ روپے نقد، موبائل اور دیگر دستاویزات چھین کر فرار ہو رہے تھے جبکہ مزاحمت پر فائرنگ بھی کر رہے تھے جنہوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی نقد رقم وغیرہ لوٹ کر فرار ہونے لگے جس پر پولیس ٹیم نے ملزمان کا تعاقب شروع کیا جنہوں نے پولیس ٹیم پر بھی فائرنگ شروع کی تاہم پولیس ٹیم نے نہایت حکمت عملی کے ساتھ دونوں ملزمان حضرت بلال ولد خائستہ گل سکنہ یکہ توت اور مبین شاہ ولد مسکین شاہ سکنہ مردان کو قریب ہی قابو کر کے گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران راہزنی کے متعدد دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضے سے چھینی گئی رقم ساڑھے پانچ لاکھ روپے نقد، موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ دو عدد پستول اور موٹرسائیکل بھی برآمد کر لیا جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے