پشاور(عمران خان) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں غیر ملکی سامان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے، گزشتہ روز ہونے والی کارروائی کے دوران ڈمپر گاڑی سے برآمد ہونے والی سامان میں مختلف سائز کی غیر ملکی ٹائرز، لاکس اور دیگر اشیاء شامل ہیں جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے، تمام نان کسٹم پیڈ اشیاء کو قانونی چارہ جوئی اور کسٹم ڈیوٹی ادائیگی کی غرض سے کسٹم حکام کے حوالہ کر کے کسٹم ہاؤس منتقل کر دیا گیا ہے
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایس پی صدر ڈویژن عبدالسلام خالد کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ غیر ملکی نان کسٹم پیڈ اشیاء کے سمگلنگ میں ملوث افراد کسی بھی وقت غیر اشیاء سمگل کرنے کی کوشش کریں گے جس پر ڈی ایس پی بڈھ بیر گران اللہ کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ بڈھ بیر بلال مہمند نے ناکہ بندی کے دوران ڈمپر ٹرک نمبر 158 کے زریعے غیر ملکی اشیاء سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بڑی مقدار میں نان کسٹم پیڈ اشیاء برآمد کی ہیں، تمام غیر ملکی سامان ڈمپر میں بجری کے نیچے چھپایا گیا تھا جس میں مختلف سائز کے ٹائرز، مختلف لاکس اور دیگر قیمتی اشیاء موجود تھیں، برآمد ہونے والے سامان کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے جسے ضروری کارروائی کے بعد کسٹم ڈیوٹی (ٹیکس) کی وصولیابی اور مزید قانونی چارہ جوئی کی خاطر کسٹم آفیسر گوہر خان کے حوالہ کر کے کسٹم ہاؤس منتقل کر دیا گیا ہے