• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کورونا وائرس کے سب سے پہلے مرکز میں پھنسے سیکڑوں پاکستانی آخر کار وطن واپس پہنچ گئے

May 19, 2020

بیجنگ(نمائندہ خصوصی) کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سب سے پہلے مرکز چینی شہر ووہان میں پھنسے سیکڑوں پاکستانی طلبہ آخر کار وطن واپس پہنچ گئے۔ 250 سے زائد ان طلبہ کو ایک خصوصی پرواز کے ذریعے چین سے اسلام آباد لایاگیا۔

نجی ٹی وی جیو نیوز نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 8872 طلبہ کو لے کر اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچی، اس سے قبل ووہان ائیرپورٹ پر طلبہ کی مکمل طبی جانچ کی گئی اور طلبہ کی کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ بھی چیک کی گئی۔

بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق چین سے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے والی یہ پہلی خصوصی پرواز تھی اور یہ پاکستانی طلبہ ووہان سمیت چینی صوبے ہوبئی کی مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم تھے۔

خیال رہے کہ جب ووہان میں وبا پھیلنے لگی تھی تو چینی حکومت نے شہر بھر کا رابطہ چین سمیت دنیا بھر سے منقطع کردیا تھا۔ اس دوران سخت ترین لاک ڈاون اور کرفیو نافذ کیاگیا جس کی وجہ سے وہاں موجود تقریبا پانچ سو پاکستانی بھی پھنس کررہ گئے۔ صورتحال سے پریشان پاکستانیوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغامات کے ذریعے اپنی تشویش ظاہر کی جس کے بعد یہاں پاکستان میں موجود ان کے والدین فکرمند ہوگئے تھے۔

اس کے بعد طلبہ اور ان کے والدین کی جانب سے حکومت پر زور دیا گیا تھا کہ وہ انہیں وطن واپس لانے کیلئے اقدامات کرے تاہم چینی حکومت کی جانب سے طلبہ کی دیکھ بھال کی یقین دہانی اور وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے حکومت پاکستان نے طلبہ کو فوری طور پر وطن واپس نہ لانے کا فیصلہ کیا تھا۔