کراچی (نمائندہ خصوصی)پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جس کے باعث معیشتوں کو شدید دھچکا پہنچا ہے اور اس وائرس کے اثرات پاکستان پر بھی دکھائی دیئے تاہم اب لاک ڈاﺅن کھل چکا ہے اور حالات بہتری کی جانب سے گامزن ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبارکا آغاز ہوتے ہی ڈالر کی قیمت میں 33 پیسے اضافہ ہو گیا جس کے بعد ڈالر 160 روپے 70 پیسے پر فروخت ہو رہاہے ۔دوسری جانب سٹا ک مارکیٹ سے کاروباری افراد کیلئے اچھی خبر آنے کا سلسلہ شروع ہو گیاہے کیونکہ سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان جاری ہے ۔ کاروبار کا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس 33 ہزار 804 پوائنٹس پر تھا تاہم کچھ ہی دیر میں اس میں بہتری آنا شروع ہو گئی اور اس وقت انڈیکس 518 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 34 ہزار 323 پوائنٹس پر آ گیاہے ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں لاک ڈا?ن کھلنے کے بعد سے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہاہے اور اب مزید 1841 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 36 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 12 ہزار957 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں مزید 1841 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی تعداد 43 ہزار 966 ہو گئی ہے جبکہ 36 افراد انتقال کر گئے ہیں اور اموات 939 ہو گئی ہیں تاہم 12 ہزار 489 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس کے سب سے زیادی کیسز صوبہ سندھ میں سامنے آئے ہیں جہاں تعدا د 17 ہزار 241 ہو گئی ہے جن میں سے 4489 صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 280 افراد انتقال کر گئے ہیں۔سندھ کے بعد صوبہ پنجاب میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ 15 ہزار 976 کیسز ہیں جن میں سے 273 جان کی بازی ہار گئے ہیں تاہم 4974 صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے ہیں۔