• Fri. Oct 18th, 2024

News Time HD TV

Ansar Akram

“مودی حکومت کے مظالم کے باعث کشمیر آتش فشاں بن چکا ہے جو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے” بھارتی سیاسی جماعت کانگریس بھی چپ نہ رہ سکی

Sep 7, 2019

نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال پر مودی سرکار کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے مظالم کے باعث کشمیر آتش فشاں بن چکا ہے جو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے پریس کانفرنس میں مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں صورت حال انتہائی ابتر ہو گئی ہے اور وہاں حکومتی دعوؤں کے برعکس کچھ بھی نارمل نہیں ہے، لوگوں کے جذبات کا ایک آتش فشاں ہے جو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے،منیش تیواری نے مزید کہا کہ اگر کوئی مودی حکومت کی غلط بیانی کا پردہ چاک کرتے ہوئے کشمیر کی صحیح صورت حال بتاتا ہے تو اسے غدار قرار دے دیا جاتا ہے، اگر آرٹیکل 370 کی منسوخی کشمیریوں کے حق میں ہوتی تو وہاں کبھی بھی کرفیو اور پابندیوں کی ضرورت نہ ہوتی اور نہ وہاں کی سیاسی و مذہبی قیادت کو گرفتار کرنا پڑتا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان کانگریس نے مودی سرکار کی مذہبی جنونیت اور نفرت آمیز پالیسی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو جبر سے دبایا نہیں جا سکتا، مودی حکومت کے ساتھ ساتھ اُن لوگوں کو بھی ہوش کے ناخن لینے چاہئیں جو مودی سرکار کے آرٹیکل 370 اور 35-اے کی منسوخی کے فیصلے میں اُن کے ساتھ کھڑے ہیں۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور مسلسل کرفیو نافذ رکھنے پر مودی سرکار کو اقوام متحدہ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور عالمی قوتوں سمیت اب ملک کے اندر بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن مودی تاحال اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہیں۔