• Fri. Oct 18th, 2024

News Time HD TV

Ansar Akram

ہمارے اسلاف کی قربانیاں متقاضی ہیں کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق اور حب الوطنی کے جذبوں کوفروغ دیں :سربراہ پاک فضائیہ

Sep 7, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) ملک بھر میں پاک فضائیہ نے اپنے تمام ائیر بیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر یوم شہداء کے طور پر منایا۔اسی سلسلے میں ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں پرنسپل سٹاف آفیسرز،افسران اور ائیر مین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دن کا آغاز1965ء اور 1971ء کی جنگوں کے شہداء اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے کیا گیا، جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا پاک فضائیہ نے حالیہ آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں دشمن پر واضح فتح حاصل کر کے ایک مرتبہ پھر دنیا کو دکھلایا کہ اپنی نیلگوں فضاؤں کی حفاظت کے لیے ہم ہر دم تیار ہیں۔مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ہمارے اسلاف کی قربانیاں اور اس ملک کے دفاع کی خاطر شہداء کا خون اس امر کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد پیدا کر کے وطن سے محبت اور اپنائیت کا رشتہ استوار کریں اور لسانی، علاقائی اور فرقہ وارانہ سوچ سے بالا تر ہو کر ملک کی اقتصادی، معاشرتی اور تعلیمی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔اس دن کی مناسبت سے پا ک فضائیہ کے ایک دستے نے ائیر وائس مارشل غلام عباس گھمن، ائیر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ائیر کمانڈ کی سر کردگی میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی جانب سے پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ملک بھر میں پاک فضائیہ کے شہداء کی قبروں پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔