اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)علیم ڈار کے بعد پاکستان کے نامور امپائر احسن رضا نے بھی نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا اور 50 ٹی 20 میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے دنیا کے پہلے امپائر بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق احسن رضا نے 49 ٹی20 میچوں میں امپائرنگ کا اعزاز حاصل کر رکھا تھا لیکن زمبابوے اور پاکستان کے درمیان دوسرے ٹی20 میچ میں امپائرنگ کی بدولت وہ 50ویں انٹرنیشنل ٹی20 میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے دنیا کے پہلے امپائر بن گئے۔راولپنڈی میں دوسرے ٹی20 میچ سے قبل علیم ڈار نے انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے یادگاری شیلڈ پیش کر کے اس اعزاز کے حصول پر مبارکباد پیش کی۔
احسن رضا نے کہا کہ کبھی سوچا بھی نہ تھا میں دنیا میں 50 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کا اعزاز حاصل کرنے والا دنیا کا پہلا امپائر بنوں گا۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی، پاکستان کرکٹ بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سپورٹ حاصل رہی جس کی وجہ سے میں اس مقام پر پہنچا ہوں۔