ماسکو (ویب ڈیسک) روس میں نوجوان بیٹی کو اپنی والدہ کو بہیمانہ طریقے سے قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ملزمہ کی عمر21 سال جبکہ اس کی ماں کی عمر40 سال تھی۔ بیٹی پر الزام ہے کہ اس نے اپنی والدہ کو چاقو سے کاٹا اور آخری سانسیں لیتی ماں کا سینہ چیر کر دل بھی نکال لیا۔ ملزمہ نے اپنی ماں کی آنتیں اور دیگر اعضاءبھی کاٹے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ اینا لیکووچ میڈیکل کی طالبہ ہے۔ اس وحشیانہ اقدام کے بعد وہ نہایت سکون سے نہانے کے بعد اپنے دوست سے ملنے باہر چلی گئی۔
عدالت میں پیشی کے دوران ملزمہ کٹہرے میں لیٹ گئی اور ناخن صاف کرتی رہی اور بعد میں اٹھ کر قہقہہ لگایا اور وکٹری کا نشان بھی بنایا۔
مقامی میڈیا کے مطابق لڑکی کی مقتول ماں جرمنی میں کام کرتی تھی اور حال ہی میں وہاں سے آئی تھی۔ اسے لگتا تھا کہ اس کی بیٹی نشے کی لت میں پڑ گئی ہے جس پر اس نے علاج کا انتظام کیا تھا جس نے ملزمہ کو مشتعل کردیا۔
پولیس نے ملزمہ کو بحالی مرکز منتقل کردیا ہے جب کہ دونوں خواتین کے ایک رشتہ دار کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔