ڈربن(نمائندہ خصوصی)جنوبی افریقن ویمن ٹیم نے پہلے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستانی ٹیم کو 3 رنز سے شکست دیدی۔
جنوبی افریقہ کے 200 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 197 رنز بناسکی،پاکستان کی جانب سے ندا ڈرا 59 اور اومیما سہیل 37 رنز بناکر نمایاں رہیں،جنوبی افریقہ کی جانب سے شبنم اسماعیل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 200 رنز بنائے تھے،جنوبی افریقہ کی جانب سے ماری زانا کیپ نے 47جبکہ لورا والوارٹ نے 40 رنز بنائے ۔پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ نے تین جبکہ ندا ڈار اور نشرا سندھو نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
تین میچوں پر مشتمل ون سیریز کا دوسرا میچ 23 جنوری کو ڈربن میں کھیلا جائے گا