• Sun. Dec 22nd, 2024

News Time HD TV

Ansar Akram

گورنرسندھ عمران اسماعیل سے کروشیا، گھانا اور سائپرس کے سفیروں کی ملاقات

Sep 18, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز)گورنرسندھ عمران اسماعیل سے کروشیا کے سفیر Drago Stambuk، گھانا کے سفیرMuhammad Sayuti Yahya Iddi اور سائپرس کے سفیر Petros T. Nacouzis نے وفد کے ہمراہ گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی تعاون، دو طرفہ تجارت، خطہ کی صورتحال، کشمیر میں بھارت کی جانب سے ظلم و ستم، افغان امن سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کو جاری کردہ کردہ اعلامیہ کے مطابق سفیروں کے وفد نے کشمیر پر پاکستانی موقف کی بھرپور حمایت کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیر یوں کی امنگوں کے مطابق ہونا وقت کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں ان ممالک کے قونصل جنرل میں گھانا کے اعزازی قونصل جنرل بابر صدیقی، سائپرس کے قونصل جنرل کمال چنائے، انویسٹمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے سیکریٹری احسان علی منگی، حب پاور کے سی ای او خالد منصور، جے ایس بینک کے سربراہ بصیر شمشی، ہلٹن فارما کے چیئرمین سردار یٰسین ملک، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی، سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ ، رکن صوبائی اسمبلی بلال غفار اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ سرمایہ کاری کے مزید فروغ کے لئے موجودہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہا ہے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارت کے حجم کو بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی اصلاحات سے سرمایہ کاروں کو بے پناہ فوائد حاصل ہورہے ہیں کیونکہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے جہاں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع ہیں اس وقت معاشی استحکام کے لئے پاکستان بیرونی سرمایہ کاری پر بھرپور توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول دستیاب ہے بالخصوص سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک کے ٹورز آپریٹرز باہمی تعاون سے پاکستان میں موجود سیاحتی مقامات کے بارے میں ایک دوسرے کے عوام کو آگاہی فراہم کریں پاکستان میں بہترین ساحل، جنت نظیر وادیاں، بلند و بالا پہاڑ، خوبصورت دریاوں سمیت سیاحتی مقامات ہیں، دنیا دیکھ لے کہ پاکستان بدل رہا ہے یہاں دیگر مثبت سرگرمیوں کے ساتھ سیاحت بھی پروان چڑھ رہی ہے۔ بعد ازاں وفد نے گورنرہائوس میں موجود قائد اعظم محمد علی جناح کے کمرے اور ان کے زیر استعمال رہنے والی اشیاء کا جائزہ بھی لیا۔