کراچی (ننمائندہ خصوصی)انٹربینک میں ڈالر 27 پیسے سستا ہوگیا ۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز تازہ کمی کے بعد انٹربینک میں ڈالر158 روپے 80 پیسے کی سطح پر ٹریڈنگ ہورہی ہے ۔
یادرہے کہ گزشتہ روزانٹر بینک میں امریکی ڈالر مزید25پیسے کی کمی سے159روپے کی سطح پر آگیا تھاجب کہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 159.30روپے کی سطح پر ٹریڈ ہوتا رہا۔
ادھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو شدید مندی دیکھی گئی ، اورکے ایس ای 100انڈیکس مزید 588.77 پوائنٹس کی کمی سے 46055.52پوائنٹس کی سطح پرآ گیا تھاجبکہ سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کے دباوٗ کے باعث75.42فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کوایک کھرب 18ارب 85لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بدھ کی نسبت11.15 فیصد زائدرہا۔
دوسری طرف مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت مزید200روپے کی کمی سے ایک لاکھ 11ہزار800روپے ہوگئی۔صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت ایک ڈالرکے اضافے سے1842ڈالر ہوگئی تاہم مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت 200روپے کی کمی سےایک لاکھ 11ہزار800روپے اوردس گرام سونے کی قیمت172روپے کی کمی سے95ہزار850روپے ہوگئی جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت 1390 روپے برقرار رہی۔