سکھر(نمائندہ خصوصی) مختلف دینی اور سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور سے ملاقات کرکے محنت کش طبقے کے افراد کو جمعہ بازار لگانے کی ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے اجازت دینے پر ان سے اظہار تشکر کیا گزشتہ روز جامعہ فیض العلوم کے ناظم اعلیٰ اور فیضیہ چشتیہ فاؤنڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ سید حامد محمود فیضی، جامعہ غوثیہ رضویہ کے ترجمان اور معروف سیاسی مذہبی و سماجی رہنماء مشرف محمود قادری، میلاد مصطفےٰ کمیٹی کے چیئرمین اور سماجی رہنما غیاث الدین قادری، جمعہ بازار ایسوسی ایشن کے صدر محمد وقاص میمن نے ڈی سی آفس سکھر میں ڈپٹی کمشنر رانا عدیل تصور سے ملاقات کے دوران محنت کشوں کے جمعہ بازار لگانے کا معاملہ حل کرنے اور اجازت نامہ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کووڈ 19کے باعث جمعہ بازار لگانے والے کئی ماہ سے پریشان تھے اور روزی روزگار کیلئے انہیں معاشی مشکلات کا سامنا تھا ڈی سی سکھر رانا عدیل تصور نے مشروط اجازت نامہ دیکر اچھا اور احسن کام کیا ہے جس پر جمعہ بازار لگاکر روزگار کرنے والے ان کیلئے دعاگو ہیں اس موقع پر مذہبی و سماجی رہنماؤں نے سکھر شہر میں درپیش دیگر مسائل پر بھی گفتگو کی اور ڈی سی کی توجہ مختلف مسائل کی جانب مبذول کرائی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رانا عدیل تصور نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش اور مزدور طبقے سمیت کم آمدنی والے افراد کو روزگار کی فراہمی کیلئے قانون کے مطابق سہولیات دینا حکومت اور انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جمعہ بازار لگانے والے جمعہ بازار کی حد اور ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔