لاہور (نمائندہ خصوصی )پاکستان آٹو میٹیو مینو فیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA)نے جنوری 2021 میں فروخت ہونے والی گاڑیوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں ، ’ ٹاپ لائن سیکیورٹیز ‘ کی جانب سے اکھٹے کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2021 میں گاڑیوں کی فروخت میں یک دم تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور گزشتہ سال جنوری کے مقابلے میں اس سال 46 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا یعنی 17 ہزار 515 گاڑیاں فروخت ہو ئی ہیں ۔
’پروپاکستانی “کے مطابق ٹاپ لائن سیکیورٹی نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ اگر KIA کی فروخت بھی اس میں شامل کر لی جائے تو یہ تعداد 67 فیصد تک پہنچ جاتی ہے ، یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ پاکستان میں KIA کو دوبارہ لکی موٹرز کی جانب سے متعارف کروایا گیاہے جو کہ PAMA کی رکن نہیں ہے ۔
اعدادوشمارکے مطابق سوزوکی نے گاڑیوں کی سب سے زیادہ فروخت میں ایک مرتبہ پھر سے بازی مار لی ہے ، پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے جنوری 2021 میں نو ہزار 13 گاڑیاں فروخت کی ہیں جو کہ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 19 فیصد اور گزشتہ سال کے مقابلے میں 62 فیصد زائد ہے ۔
ٹیوٹا انڈس موٹرز کمپنی کی جانب سے جنوری 2021 میں پانچ ہزار 452 گاڑیاں فروخت کی گئی ہیں جو کہ گزشتہ سال اور مہینے کے مقابلے میں 36 فیصد زائد فروخت ہے جبکہ ہونڈا نے 2450 یوٹنس فروخت کیے جو کہ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 39 فیصد جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 11 فیصد زائد فروخت ہے ۔ہنڈائے نے جنوری کے مہینے میں 515 جبکہ KIA نے 2500 گاڑیاں فروخت کی ہیں ۔
پروپاکستانی کی رپورٹ کے مطابق مہینے کی بنیاد پر جنوری 2021 میں گاڑیوں کی فروخت میں مجموعی طور پر 26 فیصد اضافہ ہواہے ۔