• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کوریا میں ماں تین سالہ بچی کو گھر میں اکیلا چھوڑ کر چلی گئی اور شادی کرلی ،چھ ماہ بعد گھر سے بچی کی لاش برآمد

Feb 15, 2021

کوریا (نمائندہ خصوصی) کوریا کے شمالی گیانگسانگ صوبے کے شہر گومی میں پولیس ایک تین سالہ بچی کی موت کی تحقیقات کر رہی ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ بچی کی ماں گھر میں بچی کو اکیلا چھوڑ کر گھر سے باہر چلی گئی جس کی وجہ سے خالی مکان میں بچی کی موت ہوگئی۔

جب پولیس نے بچی کی لاش دریافت کی تب تک بچی کی لاش گلنا شروع ہوچکی تھی۔ پولیس نے نوٹ کرتے ہوئے کہا کہ بچی کا باپ بہت پہلے گھر چھوڑ گیا تھا اور بچی کی لاش ملنے سے چھ ماہ قبل ماں بھی بچی کو گھر میں اکیلا چھوڑ کر وہاں سے چلی گئی تھی اور بچی کی ماں نے دوبارہ شادی کر لی ہے اور اس کا اپنے موجودہ شوہر سے ایک بچہ بھی ہے۔

11 فروری کو پولیس نے قتل کے شبے میں والدہ کی گرفتاری کے لئے وارنٹ کی درخواست کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔پولیس تفتیش کے دوران والدہ نے مبینہ طور پر بیان دیا کہ اسے معلوم تھا کہ اس کی تین سالہ بیٹی خالی مکان میں رہ گئی ہے۔ایک پولیس اہلکار نے بتایا ہم مختلف پہلووں سے کیس کی تحقیقات کر رہے ہیں جن میں ماں نے اپنی زندہ بیٹی کو خالی مکان میں چھوڑ دیا یا اس نے اپنی بیٹی کو مار ڈالا اور لاش کو وہاں چھوڑ دیا وغیرہ شامل ہیں۔

پولیس نے چھوٹی بچی کی موت کی وجہ معلوم کرنے کے لیے نیشنل فرانزک سروس سے پوسٹ مارٹم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور 20 فروری تک تحقیقات مکمل کرنے کے بعد مردہ پائی جانے والی بچی کی ماں کو مزید قانونی چارہ جوئی کیلئے پراسکیوٹر کے حوالے کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔