(عمران خان خیبر پختون خواہ سے )
پشاورکیپٹل سٹی پولیس پشاور نے کامیاب کاروائی کے دوران تھانہ آغا میر جانی شاہ کی حدود میں دوکان کے سامنے کھڑی موٹر سائیکل چوری میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم کا تعلق دیر کالونی پشاور سے ہے جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔ ملزم کی نشاندہی پر اس کے قبضے سے 3 عدد مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں جس سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مدعی عبداللہ ولد اختر گل سکنہ یکہ توت نے تھانہ آغا میر جانی شاہ پولیس کو رپورٹ کرائی تھی کہ اس کی دوکان واقع دیر کالونی کے سامنے سے کسی نامعلوم ملزمان نے موٹر سائیکل چوری کرلی ہے جس کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔
ایس پی سٹی عتیق شاہ نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سبرب مختیار علی کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ آغا میر جانی شاہ علی سید اور تفتیشی سٹاف نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش شروع کرتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ اور مشتبہ افراد کو شامل تفتیش کیا جس کے دوران موٹر سائیکل چوری کرنے میں ملوث ملزم کا سراغ لگا کر ملزم عثمان عرف پچاسے ولد دلاور خان کو گرفتار کرلیا۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے اسکے قبضے سے مسروقہ 3 عدد موٹر سائیکلز بھی برآمد کرلی گئیں جس سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔