• Sat. Jul 5th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

قومی کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقہ کیلئے کب اور کیسے روانہ ہو گی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

Feb 20, 2021

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کیلئے خصوصی طیارے سے جانے کا پلان تیار کرنا شروع کر دیا ہے کیونکہ کمرشل فلائٹس پر سفر خطرے سے خالی نہیں ہو گا اور کھلاڑیوں کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کا خطرہ موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم نے مارچ کے آخر میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرنا ہے جس کے پہلے مرحلے میں پاکستان ٹیم وائٹ بال کرکٹ کھیلے گی اور اس کے بعد ٹیم نے زمبابوے جانا ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے اور ٹی 20 سیریز جوہانسبرگ اور سینچورین میں کھیلی جانی ہے جبکہ اپریل کے وسط میں پاکستان ٹیم ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز زمبابوے میں کھیلے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 سکواڈ ایک ساتھ خصوصی طیارے پر سفر کریں گے کیونکہ کمرشل فلائٹس پر سفر خطرے سے خالی نہیں ہو گا اس لئے خصوصی طیارے سے جانے کا پلان کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ حال ہی میں ایک ائیر لائن کے زمبابوے کیلئے اپنا فلائٹ آپریشن معطل کرنے پر پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو دورہ زمبابوے ختم کرنا پڑا تھا جس کی وجہ سے پاکستان ویمن ٹیم نے زمبابوے میں ابھی ایک ہی ون ڈے میچ کھیلا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سکواڈ کے کھلاڑی افریقہ میں ہی ٹریننگ کریں گے۔ قومی ٹیم کی دونوں سیریز کے شیڈول کا اعلان ہو چکا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے لیکن اس سے قبل کووڈ 19 کی صورتحال کو ضرور مانیٹر کیا جائے گا۔ زمبابوے نے گزشتہ برس اکتوبر نومبر میں وائٹ بال کرکٹ کیلئے پاکستان کا دورہ کیا جبکہ حال ہی میں جنوبی افریقہ نے 14 برس بعد پاکستان میں سیریز کھیلی۔