کراچی(نمائندہ خصوصی )پاکستان سپر لیگ کا آغاز آج سے ہونے جارہاہے اور سیزن کا افتتاحی میچ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا تاہم اگلے روز 21فروری کو سیزن کا دوسرا میچ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا جس میں پشاور زلمی کو کپتان وہاب ریاض کا ساتھ حاصل نہیں ہو گا ۔
تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کوچ ڈیرن سیمی کے ہمراہ بائیوسیکیور زون سے باہر موجود اونر سے ملاقات کر لی تھی۔ یہ واقعہ گذشتہ روز پریکٹس میچ کے دوران پیش آیا جس کے باعث ہفتے کو ٹرافی کے ساتھ ٹیم کا فوٹو شوٹ بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔
پی سی بی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایک ٹیم کے پلیئر اور آفیشل کو بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے پر تین روز کے لیے آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔ دونوں نے بائیو سیکیور ببل سے باہر تیسرے فرد سے ملاقات کی تھی جب کہ سکواڈ دوبارہ جوائن کرنے سے قبل دونوں کے 2 منفی ٹیسٹ نتائج لازمی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وہاب ریاض کی جگہ اتوار کو لاہور قلندرز سے میچ میں پشاور زلمی نئے کپتان کا فیصلہ ہفتے کو ہی کرے گی۔ شعیب ملک ممکنہ امیدوار میں نمایاں ہیں۔دوسری جانب ایک اور فرنچائز کے پلیئر کا دوسرا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے البتہ چونکہ وہ پہلے ہی آئسولیشن میں ہے اس لیے ٹیم کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔