ڈیرہ اسماعیل خان(ہینڈ آئوٹ20فروری 2021)گومل یونیورسٹی اور زرعی یونیورسٹی دونوں ہمارے ادارے ہیں اور ہم نے مل کر دونوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے گومل یونیورسٹی اور زرعی یونیورسٹی ڈیرہ کے درمیا ن ہونیوالی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے کے بعد کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مسرور الٰہی بابر سمیت گومل یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کے ڈین، دونوں یونیورسٹیوں کے رجسٹرار اور زرعی یونیورسٹی کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ گومل یونیورسٹی کی طرف سے ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر محمد نعمت اللہ بابر جبکہ زرعی یونیورسٹی ڈیرہ کی جانب سے رجسٹرار فخر الدین نے باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔جس کے تحت دونوں یونیورسٹیوں میں باہمی متفقہ شرائط و ضوابط پرتعلیم کی ترقی اور تحقیق کو باہمی فروغ دینا شامل ہے اور اس مفاہمتی یادداشت سے دونوں یونیورسٹیوں کے طلباء کی بڑی تعداد مستفید ہو گی ۔ وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ گومل یونیورسٹی کی لیبارٹریزاور تحقیق کیلئے زمین زرعی یونیورسٹی کیلئے ہمیشہ دستیاب ہے اور گومل یونیورسٹی کے پروفیسر زبھی زرعی یونیورسٹی کے طلباء کواپنی ماہرانہ قابلیت سے مستفید کرنے کیلئے ہمیشہ تیار ہیں۔گومل یونیورسٹی سے زرعی یونیورسٹی کی ترقی و خوشحالی کیلئے جو ہو سکے گا وہ انشاء اللہ ضرور کرے گی ۔کیونکہ ہمارا مقصد طلباء کو تعلیمی ، تحقیق اور بہترین اخلاقی تربیت دینا ہے ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار نے مزید کہا کہ وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مسرور الٰہی بابر زرعی یونیورسٹی کی ترقی اور اس میں پرامن اور بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی میں جس طرح تگ و دو کر رہے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔ اور میری خواہش ہے کہ ڈاکٹر مسرور الٰہی گومل یونیورسٹی کی ترقی میں بھی اپنی قابلیت اور تجربے سے بھی کردار ادا کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مسرور الٰہی بابر نے کہا کہ علم دینے سے بڑھتاہے اور ماہرانہ رائے دینے سے فیصلوں میں پختگی آتی ہے اور ہماری خواہش ہے کہ وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نئی بننی والی زرعی یونیورسٹی کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے میں ہماری رہنمائی کریں۔ کیونکہ پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے بطور وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے بعد اب گومل یونیورسٹی کو اپنے پائوں پرکھڑاکر دیا ہے ۔مفاہمتی یادداشت کا مقصد دو تعلیمی اداروں کو تمام تر قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے طلباء کے بہتر مستقبل کیلئے مل کر کام کرنا ہوتا ہے جس سے ادارے ترقی کرتے ہیں۔