• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

الیکشن کمیشن کا پرانے طریقہ کارکے تحت سینیٹ انتخابات کرانے کافیصلہ

Mar 2, 2021

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پرانے طریقہ کارکے تحت سینیٹ انتخابات کرانے کافیصلہ کیا ہے۔ای سی پی کاکہناہے کہ سینیٹ انتخابات خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوں گے،وقت کم ہونے کے باعث پرانے طریقہ کارکے تحت انتخابات ہوں گے،سینیٹ انتخابات میں بیلٹ پیپرماضی کی طرح کاہوگا۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں جسٹس ریٹائرڈ الطاف ابراہیم قریشی ، جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر ، شاہ محمدجتوئی اور ناصر احمد درانی نے شرکت کی ۔جس دوران الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے صدارتی ریفرنس پر جاری ہونے والے فیصلے پر غور کیا اور اس پر من و عن عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، کمیشن کی جانب سے کرپٹ پریکٹسز کو روکنے اور اپنی آئینی ذمہ داریوں کو پوراکرنے کیلئے تمام تروسائل کو بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا گیا ۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہاہے کہ الیکشن کمیشن کی آئینی ذمے داری ہے کہ وہ سینیٹ انتخابات میں کرپٹ پریکٹسز کو روکے،الیکشن کمیشن نے معاملے پرتین رکنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیاہے ،کمیٹی سینیٹ انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر 4 ہفتے میں اپنی سفارشات مرتب کرے گی،کمیٹی نادرا، ایف آئی اے، وزارت آئی ٹی اور متعلقہ افراد سے معاونت لے سکتی ہے،کمیٹی میں سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن، ڈی جی آئی ٹی اور سعید گل شامل ہوں گے۔