• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پیسکو اور دوسری ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی ممکنہ نجکاری کے خلاف آج پیسکو کے انجینئرز اور افسران نے پیسکو ہیڈ کوارٹر پشاور میں ایک اجتماع کیا

Mar 4, 2021

بیورو چیف عمران خان خیبر پختون خواہ )
پیسکو اور دوسری ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی ممکنہ نجکاری کے خلاف آج پیسکو کے انجینئرز اور افسران نے پیسکو ہیڈ کوارٹر پشاور میں ایک اجتماع کیا جس میں تمام پیسکو افسران نے شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں نجکاری کے عمل کو مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نجکاری کی بجائے اصلاحات کی جائیں اور تمام درکار سٹاف اور گاڑیاں مہیا کی جائیں تو ہم محکمے کو ایک مثالی محکمہ بنا کر عوام کو بہترین خدمات مہیا کر سکتے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یہ محکمہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا مقام رکھتا ہے اور اس کی نجکاری نہ صرف ملازمین بلکہ عوام اور ملک کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو گی جیسا کہ کے۔ الیکٹرک کی نجکاری سے ہوا۔
اپنے دوسرے اہم مطالبات میں انہوں نے پرائیویٹ چیف ایکزیکٹیو کی تعیناتی کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا جو کہ اس محکمے کے اہل اور سینئر افسران کی حق تلفی ہے۔
اس کے علاوہ کنٹریکٹ ملازمین کی ملازمت کے ممکنہ خاتمے کی مخالفت کرتے ہوئے اسے ان کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ قرار دیا۔
ڈسکو کے انجینئرز کو تنخواہ کا
ایک اعشاریہ پانچ گنا ٹیکنیکل الاؤنس نہ ملنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ کئ محکموں کے انجینئرز کو ٹیکنیکل الاؤنس دیا جا رہا ہے لیکن ڈسکوز کے انجینئرز جو چوبیس گھنٹے ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں انہیں نظر انداز کرنا سرا سر ناانصافی ہے۔
شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان تمام مسائل کو حل کیا جائے تاکہ انجینئرز اپنے ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکیں۔ اور انجینئرز کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا نوٹس لیا جائے اور انجینئرز کو سڑکوں پر نکلنے پہ مجبور نہ کیا جائے۔
یاد رہے کہ ڈسکوز کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ملک کی تمام ڈسکوز کے انجینئرز اور لیبر سراپا احتجاج ہیں۔