کراچی(نمائندہ خصوصی)سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہاہے کہ معیشت بدحال ہے اور مہنگائی عروج پر ہے، حکومت کوبےروزگاری کی وجہ سے غریب کی حالت کی کوئی خبر نہیں ،مشیر تجارت کے مطابق ایکسپورٹ میں کمی آئی ہے۔وزیراعظم کہتے ہیں معیشت صحیح سمت میں جارہی ہے،اگر معیشت صحیح سمت میں جارہی ہے توحالات ایسے کیوں ہیں؟۔
مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کیا معیشت کی بہتری سے مہنگائی میں8 اعشاریہ7 فیصد اضافہ ہوتاہے،یہ حکومت کہتی ہے کہ ہم نے پاکستان کی معیشت کو پیروں پر کھڑاکیا،خان صاحب چینی پر 80 روپے کا نوٹس لیا اب قیمت 110 روپے ہوگئی ہے،آٹے، سبزیوں، چینی اور کھانے پینے کی اشیاکے نرخوں کا علم نہیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہاکہ آپ اپنے ایم این ایز کے بارے میں پیسوں کا کہتے ہیں، یہ کیسی حکومت ہے جس کے بیانات میں تضادات ہیں، خان صاحب جو امپورٹ میں اضافہ ہوا ہے اس کا ذمے دار کون ہے،کیسی معیشت ہے جو ترقی کررہی ہے مگر مہنگائی قابو میں نہیں آرہی،پاکستان کی تاریخ میں اتنا بے خبر وزیراعظم آج تک نہیں آیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ اگر کھاد کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا تو سبزیاں اور فروٹ بھی مہنگے ملیں گے، ان کی نا اہلی کی وجہ سے کپاس بھی بیرون ملک سے منگوائی جارہی ہے، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کردیں تو مہنگائی کم ہوجائے گی۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہاکہ اسلم ابڑو نے ضمیر کے مطابق کوئی رائے استعمال کی تو کارروئی نہیں ہوتی،ان کے لوگوں نے صدرالدین سے دھوکا کیا،ان کےخلاف کیا کارروائی کریں گے،وفاقی حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے،اسلام آباد میں مرغی 5 سوروپے کلوہوگئی،وہاں تو عمران خان خود بیٹھے ہیں۔