نیو یارک (نمائندہ خصوصی )برطانوی شاہی خاندان کے شہزادہ ہیری نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے اپنے بھائی شہزادہ ولیم سے قریبی تعلقات نہیں ہیں،اگر میری میگھن سے شادی نہ ہوتی تو میں شاہی زندگی کو نہ چھوڑ پاتا ،اس رشتے نے ہی شاہی زندگی کی سختیوں کو دنیا کے سامنے عیاں کیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ میں خود شاہی خاندان سے علیحدگی نہیں کر سکتا تھا کیونکہ میں پھنس چکا تھا اور مجھے معلوم بھی نہیں تھا کہ میں پھنس گیا ہوں،میرے والد اور بھائی بھی پھنسے ہو ئے ہیں ۔
معروف امریکی میزبان اوپرا کے ساتھ دوران انٹرویو شہزادہ ہیری نے کہا کہ شاہی محل کے ساتھ اختلافات کی بنا پر اپنی ماں شہزادی ڈیانا کی تکلیف کا سوچ کر ان کا دل ٹرپتا ہے کیونکہ وہ اور میگھن ایک دوسرے کے ساتھ ہیں جب کہ ڈیانا اس تمام صورتحال میں تنہا تھیں۔شہزادہ ہیری نے ان افواہوں کو مسترد کیا کہ انہوں نے جان بوجھ کر اپنی دادی ، ملکہ الزبتھ دوئم کو علیحدگی کے فیصلے سے آگاہ نہیں کیا تھا ، مجھے شبہ ہے کہ یہ افواہیں انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے آئیں۔انہوں نے کہا میں نے اپنی دادی کو کبھی بھی اندھیرے میں نہیں رکھا ،میں ان کا بہت زیادہ احترام کرتا ہوں۔
’سوچ کر دکھ ہوتا ہے کہ شہزادی ڈیانا شاہی خاندان سے اختلافات کے دوران اکیلی تھیں ‘ شہزادہ ہیری کے شاہی خاندان سے متعلق چشم کشاانکشافات
