لاہور (نمائندہ خصوصی)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے تصدیق کر دی ہے کہ اس سال ایشیاءکپ ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ نہیں ہو گا ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ تصدیق گزشتہ روز پی ایس ایل فرنچائز مالکان اور پی سی بی کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں سامنے آئی ۔ایشیاءکپ جون کے وسط میں شیڈول تھا چونکہ اب بھارت کی ٹیم نے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں کوالیفائی کر لیاہے اور وہ بھی جون میں ہی ہونے جارہاہے جس کے باعث ایشیاءکپ ٹی ٹوینٹی نہیں کھیلا جائے گا ۔
بھارت ٹورنامنٹ کیلئے اپنا دوسرا سکواڈ فراہم کرنے کیلئے تیار تھا لیکن نے بھارت کی یہ تجویز مسترد کر دی ہے اور موقف اختیار کیا کہ ٹورنامنٹ میں پوری ٹیم کی شرکت ہونی چاہیے ، احسان مانی نے میٹنگ میں شریک افراد کو بتایا کہ ایشیاءکپ کو 2023 تک ملتوی کر دیا گیاہے ، اگلے ٹورنامنٹ کے میزبان سے متعلق ایشین کرکٹ کونسل فیصلہ کرے گی ۔
احسان مانی نے پی ایس ایل فرنچائز کو بتایا کہ ٹورنامنٹ کے منسوخ ہونے سے ہمارے پاس جون میں ونڈو خالی ہو گئی ہے جس میں پی ایس ایل کے بقیہ میچز کروائے جا سکتے ہیں ۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل کا چھٹا سیزن فروری میں شرو ع ہوا تھا لیکن کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد اسے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔