لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام بینک الفلاح نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ 2021ءمیں دو روز قبل تین میچز کھیلے گئے جن میں ایف جی پولو ٹیم، رسالہ اور باڑیز کی ٹیمیں فاتح رہیں۔
تفصیلات کے مطابق بینک الفلا ح کے تعاون سے منعقدہ ٹورنامنٹ کو دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔ اس موقع پر لاہور پولو کلب کے صدر عمر صادق، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران آغا مرتضیٰ علی خان، شاہ قبلائی عالم، آغا، فیروز گلزار، عثمان حئی، نجیب رضا، ثاقب خان خاکوانی اور سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل (ر) مدثر شریف اور دیگر بھی موجود تھے۔ صبح پہلا میچ بارش کی وجہ سے متاثر ہوا جس کی وجہ سے چار میچز کی بجائے تین میچز ہی ہو سکے۔ پہلے میچ میں ٹیم ایف جی پولو نے نیوایج /رضویز کو 10-7 سے ہرایا۔ ٹیم ایف جی پولو کی طرف سے فرانسسکو بنسا ڈون نے آٹھ جبکہ جمی لی ہارڈی نے دو گول سکور کیے جبکہ نیوایج /رضویز کی طرف سے سلواڈور ایلاوا اور سلوڈور جوریجٹی نے تین تین جبکہ عدنان جلیل اعظم نے ایک گول سکور کیا۔
دوسرے میچ میں ٹیم رسالہ نے ڈی ایس پولو /اے ایس سی کو8-5 سے ہرا کر اپ سیٹ شکست دے دی۔ ٹیم رسالہ کی طرف سے عبدالرحمان منوں نے چار، ڈیلن روسیٹ نے تین جبکہ پیڈرو نے ایک گول سکور کیا جبکہ ڈی ایس پولو /اے ایس سی کی طرف سے حسام علی حیدر نے چار جبکہ میکسویل چارلٹن نے ایک گول سکور کیا۔ تیسرے اور آخری میچ میں باڑیز اور ماسٹر پینٹس بلیک کے درمیان میچ انتہائی سنسنی خیز رہا چھٹے چکر میں سڈن ڈیتھ پر ٹیم باڑیز نے ماسٹر پینٹس بلیک کو 8-7 سے ہرا کر میچ جیت لیا۔ ٹیم باڑیز کی طرف سے ارینسٹو ٹروٹز نے پانچ، سنٹیاگو گومز نے دو جبکہ نفیس باڑی نے ایک گول سکور کیا جبکہ ماسٹر پینٹس بلیک کی طرف سے ماریانو ریگل نے تین،متیاس وائل پیراز اور احمد علی ٹوانہ نے دو دو گول سکور کیے۔