عمران خان خیبر پختون خواہ سے
نو تعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ زیب اللہ خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ضلع سے منشیات فروشی جیسے سماجی برائیوں میں ملوث عناصر کا خاتمہ مشن ہے۔عوام دوست پولیسنگ پر یقین رکھتا ہوں.
*
تفصیلات کے مطابق نو تعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ زیب اللہ خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ان کے آمد پر ایس پی انوسٹی چارسدہ سجاد خان، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز شہنشاہ گوہر خان اور سرکل ڈی ایس پیز کی موجودگی میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ اس موقع پر ڈی پی او چارسدہ زیب اللہ خان نے پولیس ہیڈ کوارٹرز میں پولیس دستے کے ہمراہ یادگار شہداء پر پھول چڑھاکرسلامی پیش کی۔ انہوں نے چارج سنبھالنے کے بعد باقاعدہ کام کا آغازکیا، ڈی پی او چارسدہ زیب اللہ خان نے پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی پولیس کو فروغ دیا جائے، عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنے کوشش کریں۔ تھانہ جات، دفاتر، چوکیات اور ناکہ بندیوں میں عوام کے ساتھ اپنا رویہ درست رکھیں جبکہ ضعیف العمر بزرگ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے اور ایمانداری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور اجاگر کریں، عوام الناس کے اعتماد کو بحال رکھنے کے لئے جرائم کنٹرول کے لئے کاروئیاں مزید تیز کی جائے۔ہم سب نے مل کر چارسدہ سے کرائم کا خاتمہ کرنا ہے اور چارسدہ کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا ٹریفک نظام کو بہتر سے بہتر بنایا جائے،ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔
ڈی پی او چارسدہ زیب اللہ خان نے عوام الناس کے نام پیغام میں کہا کہ منشیات کے مکروہ دھندہ میں ملوث افراد توبہ تائب ہوں۔ منشیات فروشی جیسے سماجی برائیوں کا خاتمہ مشن ہے ملوث عناصر کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔پولیس افسران کی کسی بھی قسم کی کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، پولیس فورس کو اپنے فرائض احسن طریقہ سے انجام دینے ہونگے۔ امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کو ہر قیمت میں یقینی بنایا جائے گا۔ تھانہ جات میں میں مظلوم کو انصاف اور ظالم کو قرار واقعی سزا دی جائے گی