(اسدعباس ) تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس افیسر ٹانک سجاد احمد صاحبزادہ کی خصوصی ہدایات پر ڈی۔ایس۔پی ہیڈکوارٹرز اقبال خان بلوچ نے آمدہ جشن نوروز کے سلسلہ میں اہل تشیع کے مشران اور متولیان کیساتھ دفتر پولیس ٹانک میں ایک میٹنگ منعقد کی جسمیں ضلع ٹانک کے جملہ تمام 09 تھلہ جات کے متولیان نے شرکت کی جن کے ساتھ آمدہ جشن نوروز مورخہ 20 اور 21 مارچ کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے حوالہ سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر ڈی۔ایس۔پی ہیڈکوارٹرز نے اہل تشیع کے متولیان کو بتایا کہ ضلع ٹانک کی تمام 09 امام بارگاہوں کو تین سیکٹرز میں تقسیم کیاگیا ہے اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئےگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹانک پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے 24 گھنٹے الرٹ ہے اور امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لیے تمام تر توانائیاں اور وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ عوام کا اپنی پولیس پر اعتماد بحال رہے انہوں نے مزید کہا کہ ٹانک پولیس عوام سے بھی یہی توقع رکھتی ہے کہ وہ آمدہ جشن نوروز کے دوران امن کی فضاء قائم رکھنے میں پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں سے ہر ممکن تعاون کریں گے جس پر اہل تشیع کے مشران اور متولیان نے بھر پور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی اور کئے گئے سیکیورٹی انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اسی طرح انہوں نے جشن نوروز کی تقریبات کے دوران پانی، بجلی اور صفائی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کہا جس پر ڈی۔ایس۔پی ہیڈکوارٹرز نے ان مسائل کو بروقت حل کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کیساتھ بات کرکے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔