پشاور(عمران خان) محکمہ خوراک نے زائد المعیاد اشیاء و صفائی کی ابتر صورتحال پر 12 افراد کو گرفتار کرلیا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ‘ واجد علی اور فوڈ انسپکٹر محسن نثار نے ورسک روڈ پر فوڈ پوائنٹس میں اشیائے خوردونوش کے معیار کو چیک کیا اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی جہاں پر متعدد دکانوں میں مصالحہ جات زائد المعیاد پائے گئے جبکہ بر گر پوائنٹس میں صفائی کی صورتحال انتہائی ابتر تھی جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 12 گرفتار کرلیا جن کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو خوراک کے نام پر زہر بیچنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ فوڈ پوائنٹس مالکان وقتاً فوقتاً دکانوں میں اشیائے خوردونوش کی چیکنگ کریں اور زائد المعیاد اشیاء کو بروقت تلف کریں۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ پوائنٹس مالکان صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔