ماسکو(نمائندہ خصوصی)امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے قاتل قرار دئیے جانے کے بعد روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ ایک قاتل ہی دوسرے قاتل کو پہنچان سکتا ہے ۔غیر ملکی میڈ یا رپورٹس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اپنے اندر جو صفات ہوتی ہیں وہی ہم دوسروں کے اندر بھی دیکھتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ سامنے والا بھی ہمارے جیسا ہے۔ پیوٹن کا مزید کہنا تھا کہ روس امریکہ سے تعلقات ختم نہیں کرے گا لیکن امریکہ کے ساتھ روسی مفادات کے تحت ہی کام کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک انٹر ویو کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ میں روسی صدر کو قاتل سمجھتا ہوں ،امریکی انتخابات میں مداخلت کرنے پر پیوٹن کو حساب دینا ہو گا ۔امریکی انتخابات میں پیوٹن کی جانب سے مداخلت کے حوالے سے امریکی خفیہ اداروں کی رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ولادی میر پیوٹن نے امریکی انتخابات 2020ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں کرنے کی ہدایات دیں جس پر انہیں نتائج کو بھگتنا پڑے گا۔جب امریکی صدر سے پوچھا گیا کہ پیوٹن کو کن نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے تو انہوں نے جواب دیا پیوٹن قیمت ادا کریں گے اور یہ آپ جلد دیکھیں گے۔