لاہور(نمائندہ خصوصی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کاکہناہے کہ دورہ جنوبی افریقا اہم ہے وہاں کی وکٹیں بہت مختلف ہونگی ،پاکستان کو دورہ جنوبی افریقا میں مشکلات کاسامنا کرناپڑ سکتاہے۔
میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہاکہ ہمارے یہاں کھلاڑیوں کی سلیکشن کو مسئلہ بنا دیا جاتا ہے ،شرجیل خان کافی وقت سے بائیو سیکیور ببل میں تھے،شرجیل خان نے وعدہ کیا ہے وہ اپنی فٹنس پر کام کرے گا،شرجیل خان کو اپنی فٹنس عالمی معیار کے مطابق کرنی ہوگی ۔
انہوں نے کہاکہ نہ میں کرکٹ بورڈ میں ہوں نہ ہی پاکستان ٹیم میں ،باہر رہ کر بھی اگرمیرااثرورسوخ ہے تو مجھے شاباش ہے،اتنا وقت نہیں کہ ٹیم سلیکشن کیلئے محمد وسیم کو کال کروں ،ایسی خبریں پھیلانے والے فارغ لوگ ہیں ۔
کرکٹ کمیٹی کے رکن وسیم اکرم نے اپنی ہی کمیٹی پر انگلی اٹھادی،ان کاکہناتھا کہ کونسی کرکٹ کمیٹی؟جس کا سال میں ایک بھی اجلاس ہوتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ محمد وسیم چیف سلیکٹر کیلئے بہترین ہیں ،کپتان اورچیف سلیکٹر میں اختلافات معمول کی بات ہے ۔