لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں ”کاٹیج بزنس ہاؤسنگ“ کونسیپٹ متعارف کرایا جائے گا،جس کےتحت ایک ہی جگہ پر کام اور رہائش میسر ہوگی،کاٹیج بزنس ہاؤسنگ سے خواتین کو خود روزگار کے مواقع اور رہائش بھی ملے گی،قائداعظم بزنس پارک کو ماڈل سپیشل اکنامک زون کے طور پر ڈویلپ کیا جا رہا ہے اورجلد ہی یہاں پر بجلی، پانی اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ان کے آفس میں ملاقات کی،جس میں ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب میں صنعت کے فروغ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔خواجہ جلال الدین رومی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو صنعتی ترقی سے متعلق امور سے آگاہ کیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ قائداعظم بزنس پارک کو موٹروے سے منسلک کرنے کیلئے انٹرچینج کی تعمیر کیلئے ایم او یو سائن ہو چکا ہے،قائداعظم بزنس پارک میں انڈر گراؤنڈ پاور سپلائی اور کمبائن ٹریٹمنٹ پلانٹ قائم ہوگااور مظفرگڑھ میں پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت انڈسٹریل زون قائم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں صنعتی ترقی کے پوٹینشل کو پوری طرح استعمال کیا جائے گا،مظفرگڑھ اور بہاولپور میں انڈسٹریل زون کا قیام فاسٹ ٹریک پر ہوگا،پسماندہ علاقوں میں صنعت و تجارت کےفروغ سےترقی کاانقلاب لاناچاہتےہیں اورروزگارکےمواقع پیدا کرناحکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے صنعتیں قائم کرنے پر توجہ دے رہے ہیں،تاجر اور صنعتکار برادری روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔پنجاب میں تاجروں اور صنعتکاروں کو تمام تر ممکنہ سہولتیں فراہم کریں گے۔
خواجہ جلال الدین رومی نےوزیراعلیٰ عثمان بزدارکو لنگرخانوں کے قیام پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا،کوہ سلیمان اور بلوچستان سے ملحقہ علاقوں میں لنگر خانوں کے قیام پر وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق لنگر خانوں کا دائرہ کار دور دراز علاقوں تک بڑھایا جا رہا ہے،لنگر خانوں کا قیام فلاحی مملکت کی جانب بڑھتا ہواقدم ہے،لنگر خانو ں کے قیام کیلئے تاجر اور صنعتکار برادری کا تعاون قابل تحسین ہے۔خواجہ جلال الدین رومی نے اس موقع پر کہا کہ تاجربرادری عوام کی فلاح وبہود کی کاوشوں میں حکومت کیساتھ ہے،ڈیرہ غازی خان کی تاجر برادری لنگر خانے چلانے کیلئے بھرپور تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان،سندھ،نارتھ وزیرستان اورجنوبی پنجاب میں تعلیم اورصحت کے فلاحی منصوبے مکمل کیے جارہے ہیں،عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ملتان کے ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کر رہے ہیں۔ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے نادار طلبہ کو پروفیشنل ایجوکیشن کیلئے وظائف دیئے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، سیکرٹری صنعت، پیڈمک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-