لاہور(نمائندہ خصوصی)پھل،سبزیوں اور خوردنی اشیا کے بعد مرغی کی قیمت کو پھر سے پر لگ گئے،لاہور میں مرغی کا گوشت 363 روپے فی کلو ہو گیا۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق زندہ برائلر کا تھوک ریٹ 245 روپے فی کلوجبکہ زندہ برائلر پرچون ریٹ 250 روپے فی کلوہو گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کی تھی،ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ واربنیادوں پرمہنگائی 15.35 فیصد پر پہنچ گئی اور ایک ہفتے کے دوران آٹا،چینی،دالیں،گھی،ٹماٹر،چکن سمیت 22 اشیا مہنگی ہوئیں جبکہ سات اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 22 میں استحکام رہا۔ چکن 21 روپے فی کلو مہنگا ہوا اور اوسط قیمت 259 روپے86 پیسے پر پہنچ گئی جبکہ چینی کی فی کلو قیمت میں 59 پیسے اضافہ کے بعد ملک میں اوسط قیمت 99روپے ہوگئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں نو روپے 72پیسے اضافہ ہوا، گھی دو روپے 88 پیسے فی کلو، دال مسور ایک روپیہ اور انڈے 61 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ٹماٹر سات روپے 85 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے، کیلا ایک روپے 49 پیسے، دہی 28 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے دال چنا، تازہ دودھ، چاول، مٹن اور بیف کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں لہسن 16 روپے 42 پیسے فی کلو، پیاز آٹھ روپے81 پیسے اور آلو 79 پیسے فی کلو سستے ہوئے جبکہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر نو روپے 48 پیسے سستا ہوا جبکہ حالیہ ہفتے میں گڑ کی قیمتیں بھی کم ہوئیں۔