اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)غیر معیار ی سٹنٹ سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ نے نیب کو پرائسنگ کمیٹی کا ممبر بنانے کی استدعا مستردکردی اورقومی وصوبائی ہیلتھ کمیشن کے سربراہان اورصوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹسز جاری کردیئے ،عدالت نے این آئی سی بی کی سفارشات پر عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں غیر معیار ی سٹنٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی، عدالت نے کہاکہ ملک بھر میں غیر معیاری سٹنٹ استعمال ہو رہے ہیں ،امراض قلب کے معاملات کو ناتجربہ کار ماہرین پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔عدالت نے این آئی سی بی کی سفارشات پر عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی۔
چیئرمین پرائسنگ کمیٹی نے کہاکہ مارکیٹ میں غیرمعیاری سٹنٹ کی بھرپور ہوگئی ہے ،جسٹس اعجازلاحسن نے کہاکہ غیرمعیاری سٹنٹ امپورٹ کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے ،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ سپریم کورٹ نے غیرمعیاری سٹنٹ کیخلاف فیصلہ دیا ،عدالتی احکامات اور این آئی سی بی کی سفارشات پر عمل نہیں ہورہا۔
عدالت نے قومی وصوبائی ہیلتھ کمیشن کے سربراہان اورصوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹسز جاری کردیئے اورنیب کو پرائسنگ کمیٹی کا ممبر بنانے کی استدعا مستردکردی۔