• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن الریاض کا ایک اور شاندار اعزاز

Apr 2, 2021

شاہین جاوید _ ریاض سعودی عرب

پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن الریاض کا ایک اور شاندار اعزاز
کمیونٹی کی خدمت میں ہمہ وقت سرگرداں اساتذہ اور پرنسپل نت نئی جہتوں کے امین
اسکول ہذا کے شعبہ ریاضی کے چار ماہرین نے ایڈیکسل یو کے سال – 212020 کا مملکت میں بہترین شعبہ ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا
تعلیمی ادارہ وہ مقدس مقام ہے جہاں تہذیب پروان چڑھتی ہے جہاں اساتذہ نہ صرف ایک قوم کی تہذیبی و تمدنی روایات کے آئینہ دار ہوتے ہیں بلکہ وہ اپنی صلاحیتوں ، قابلیت اور متوازن شخصیت کے روپ میں اپنے ملک اور قوم کے لئے فخر کا باعث ہوتے ہیں۔اس چمن میں مہکنے والا ہر پھول اپنے رنگ ،خوشبو اور خوبصورتی سے اپنے وجودکا کامل ثبوت پیش کرتا ہے۔یہ وہ فصل ِگل ہے جس پے بہار آنے تک باغباں اسے اپنے خون سےسینچتے ہیں۔ بلا شبہ اساتذہ اپنے مقام اور کردار کے حوالے سے ہر زمانے میں قابلِ احترام و صد افتخار رہے ہیں۔
اسکول ہذا کے شعبہ ریاضی کے چار کہنہ مشق مدرسین نے بہترین اساتذہ ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔آج کا دن نہ صرف اسکول بلکہ پاکستانی کمیونٹی کے لئے باعث ِافتخار ہے۔ ایڈیکسل یو۔کے(، پئیرسن) نے پاکستان انٹر نیشنل اسکول ریاض کے چار اساتذہ کرام اعزاز احمد خان روہیلہ، روبینہ اعزاز، فیصل عزیز ملک اورمحمد نعیم اختر کو مملکت سعودی عرب میں ریاضی کے مضمون میں مہارت ،اعلیٰ کارکردگی اور شاندار نتائج کے اعتراف میں شیلڈز اور تعریفی اسناد سے نوازا۔
اساتذہ کرام اور کمیونٹی نےاسکول انتظامیہ اور شعبہ ریاضی کے مدرسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خوش قسمت ہوتے ہیں وہ لوگ جن کی زندگی میں اچھے استاد میسر آجاتے ہیں ایک نو خیز بچے سے لے کر ایک کامیاب فرد تک سارا سفر اساتذہ کی محنت کا مرہونِ منت ہوتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ استاد کسی بھی قوم اور معاشرے کا معمار ہوتا ہے۔ پاکستان انٹر نیشنل اسکول ریاض کے اساتذہ بلا شبہ وطن ِ عزیز پاکستان کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں ان کی قابلیت کا اعتراف مملکت میں ہونے والے اعلامیے میں کیا گیا ہے جس میں شعبہ ریاضی کے اساتذہ کو مملکت میں سب سے بہترین ریاضی کے استاد ہونے کا اعزازملا۔
پرنسپل محمد تنویر نے چاروں ماہرین ریاضی کو مبار ک باد اور داد دی ۔ اُن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پیغام دیا کہ یقیناً یہ کامیابی اساتذہ کی محنت ، والدین کی دعاوؤں ، اسکول انتظامیہ کی بہترین تعلیمی پالیسی کی بھر پور محنت کا ثمر ہے جن سے آج ہم استفادہ کر رہے ہیں اور فرحاں و شاداں ہیں۔ اساتذہ کرام اور اسکول طلباء کو نہ صرف تعلیم کے میدان میں بھر پور معاونت فراہم کرتا بلکہ شخصیت سازی پر بھی یہاں بھر پور توجہ دی جاتی ہے۔ والدین کی شبانہ روز کاوشوں سے اور اساتذہ کی انتھک محنت سے طلباء کی صلاحیتوں کو جِلا ملتی ہے۔استاد ملت کا معمار اور طلباء کا روحانی باپ ہوتا ہے جو آئندہ نسلوں کی کردار سازی کرتا ہے۔الحمد للہ ہمارے اساتذہ میں صبر و تحمل ، معاملہ فہمی ،قوتِ فیصلہ ، فکری لگاؤکے ساتھ کام میں نظم و ضبط،ہمدردی اور اصلاح کے جذبہ میں اخلاص کی صلاحیت بھی بدرجہ اتم موجود ہے جس کو بروئے کار لاتے ہوئے وہ نونہالانِ چمن کی آبیاری کا فرض انجام دے رہے ہیں۔ اور یوں ہی تندہی سے نہ صرف اپنے اعزازات کو برقرار رکھیں گے بلکہ مزید کامرانیاں سمیٹیں گے۔