رائے پور (نمائندہ خصوصی) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغیوں کے خلاف کیے گئے آپریشن کے دوران بھارتی فوج کو بھاری جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ماؤ نواز باغیوں کے خلاف گزشتہ دو ہزار فوجیوں نے جنگل میں آپریشن شروع کیا تھا۔ گزشتہ روز ہی بھارتی فوج کے پانچ جوان اس آپریشن میں ہلاک ہوگئے تھے تاہم حکام نے آج مزید 17 اہلکاروں کے ہلاک اور 31 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے جس کے بعد ہلاک اہلکاروں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔
بھارتی فوج نے ہلاک اہلکاروں کی لاشیں جنگل سے نکال لی ہیں جس کے بعد میڈیا کو بتایا گیا کہ باغی نہ صرف فوجیوں کا اسلحہ اپنے ساتھ لے گئے بلکہ ان کے جوتے تک بھی نہیں چھوڑے۔ اتنی بڑی تعداد میں فوجیوں کے ہلاک ہونے پر بھارتی صدر، وزیر اعظم اور وزرا سمیت سیاسی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔