کراچی (نمائندہ خصوصی) رمضان المبارک کی آمد سے پہلے ہی شہر قائد میں ایک ہفتے کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ ہوگیا۔
جی ٹی وی جی این این کے مطابق کراچی میں گزشتہ ہفتے مرغی کے گوشت کی قیمت 360 روپے کلو تھی لیکن آج شہر قائد میں مرغی کا گوشت 460 روپے کلو میں فروخت ہوتا رہا ۔ کراچی میں زندہ مرغی کی 280 روپے کلو میں فروخت جاری ہے۔
شہریوں کی جانب سے مہنگائی کنٹرول نہ ہونے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں مال پیچھے سے ہی مہنگا ملتا ہے اس لیے وہ گوشت مہنگے داموں فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب پولٹری فارم مالکان کا کہنا ہے کہ مرغی کی مانگ میں اضافہ، فیڈ اور دیگر اخراجات میں زیادتی کے سبب گوشت کی قیمت بڑھی ہے۔