نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) محبت کی شادی کے بعد سسرالیوں کے قبول نہ کرنے پر بھارتی کناڈا فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ چیترا کوتورو نے خودکشی کی کوشش کر ڈالی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چیترا بگ باس کناڈا سیزن 7کی امیدوار بھی تھیں۔ انہوں نے گزشتہ دنوں اپنی رہائش گاہ پر زہریلا مشروب پی کر خودکشی کرنے کی کوشش کی تاہم انہیں بروقت ہسپتال پہنچادیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی جان بچا لی۔
پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اداکارہ چیترا نے ریاست کرناٹک کے شہر مندیا سے تعلق رکھنے والے ایک کاروباری شخص ناگ ارجن کے ساتھ چند روز قبل شادی کی تھی تاہم ناگ ارجن کے گھر والوں نے اس رشتے کو قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا ، جس پر ناگ ارجن نے اداکارہ کو طلاق دے دی۔ طلاق کے بعد ناگ ارجن نے یہ الزام عائد کیا کہ ان پر چند گروپوں کی طرف سے اداکارہ کے ساتھ شادی کرنے پر مجبور کیا گیا تھا۔سسرالیوں کے قبول نہ کرنے اور شوہر کے رشتہ توڑ دینے پر دلبرداشتہ ہو کر اداکارہ نے فینائل پی لی۔
رپورٹ کے مطابق ناگ ارجن اور اداکارہ چیترا کی شادی کی تصویر 28مارچ کو وائرل ہوئی تھی۔ انہوں نے ایک مندر میں شادی کی تھی جس میں چیترا کے گھروالے موجود تھے تاہم ناگ ارجن کے گھر والے شادی میں شریک نہیں ہوئے۔ پولیس کے مطابق اداکارہ اور ناگ ارجن میں گزشتہ دو سال سے تعلقات چلے آ رہے تھے۔شادی کے بعد اداکارہ اپنے شوہر کے ساتھ اس کے گھر گئی جہاں اسے گھر میںد اخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی اور سسرالیوں نے اس شادی کو غیرقانونی قرار دے دیا۔ اداکارہ نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”ناگ ارجن کے گھر والے مجھے پسند نہیں کرتے۔ انہیں میرے کام سے بھی مسئلہ ہے۔ انہوں نے ناگ ارجن کو دھمکی دی تھی کہ اگراس نے مجھے طلاق نہ دی تو وہ اسے جان سے مار دیں گے۔“