کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) بلوچستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، کورونا آپریشن سیل کے مطابق گزشتہ روز صوبے میں مثبت کیسز کی شرح 11.4 فیصد رہی ۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق گزشتہ روز ایک ہزار 229 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 141 مثبت آئے ، دو روز قبل بلوچستان میں مثبت کیسز کی شرح 10.9 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی ، بلوچستان میں کورونا کیسز آٹھ اضلاع سے رپورٹ ہوئے ۔سب سے زیادہ مثبت کیسز کوئٹہ سے رپورٹ ہوئے ۔
گزشتہ روز کوئٹہ میں 988ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 122 مثبت کیسز سامنے آئے جس کے بعد مثبت کیسز کی شرح 12.3 فیصد تک پہنچ گئی ۔ خضدار اور گوادر میں کورونا کے پانچ پانچ ،سوراب اور مستونگ سے تین ،تین،تربت ، جھل مگسی اور صحبت پور سے ایک ایک کورونا کا مثبت کیس رپورٹ ہوا۔گزشتہ روز بلوچستان کے 21 اضلاع میں کورنا کا کوئی ٹیسٹ نہیں ہوا، ایک ہفتے کے دوران بلوچستان کے 10اضلاع میں کورنا کا کوئی ٹیسٹ نہیں ہوا،ایک ہفتے میں تین اضلاع میں کورونا کا ایک ایک ٹیسٹ ہوا۔
بلوچستان میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد ایک ہزار 227 ہو گئی ،دو روز میں کوورنا کے فعال کیسز کی تعدد ایک ہزار 142ریکارڈ کی گئی تھی ۔ گزشتہ روز بلوچستان میں دو مریضوں کا انتقال ہوا ،جس کے بعد صوبے میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 232 ہو گئی ۔
بلوچستان میں کوورنا سے متاثر 21ہزار 698 افراد میں سے 20ہزار159 نے مہلک وائرس کو شکست دی ، بلوچستان میں کورونا مریضوں کی صحتیابی کی شرح 93 فیصد پر آگئی ہے جو گزشتہ ماہ 98 فیصد تھی ۔