کراچی (نمائندہ خصوصی )قومی اسمبلی کے حلقہ 249کراچی میں ضمنی انتخاب کا عمل صبح 8بجے سے جاری ہے جو بغیر کسی وقفے کے شام 5بجے تک جاری رہے گا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پولنگ کے باعث حلقے میں عام تعطیل ہے جبکہ پولنگ اسٹیشنز کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف ، ن لیگ ، پیپلزپارٹی اور پاک سر زمین پارٹی کے امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ۔
پاکستان تحریک انصاف کے امجد اقبال ، مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل ، پیپلزپارٹی کے قادر مندوخیل اور پاک سر زمین پارٹی کے مصطفی کمال بطور امیدوار میدان میں ، اس کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان کے حافظ محمد مرسلین بھی انتخاب لڑ رہے ہیں ۔
واضح رہے کہ این اے 249کی نشست پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے خالی کی گئی ہے ، فیصل واوڈا نے سینیٹر بننے کے باعث ایم این اے کی سیٹ خالی کی تھی ۔
حلقے میں 796پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں، رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی حلقے میں پٹرولنگ جاری ہے ۔
حلقے میں ووٹرز کی کل تعداد تین لاکھ 39ہزار 591 ہے ۔ ضمنی الیکشن میں بیشتر امیدوار این اے 249 کے ووٹر ز نہیں،مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل، پی ٹی آئی کے امجد آفریدی اور پاک سر زمین پارٹی کے مصطفی کمال حلقے کے ووٹر نہیں ۔
این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں پولنگ کا عمل جاری
