• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

وزیراعلیٰ سندھ کا کلین مائی کراچی مہم کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

Sep 23, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز ) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایک مہینہ جاری رہنے والی کلین مائی کراچی مہم کے پہلے دن 7152 ٹن کچرا اٹھایا گیا ہے جبکہ دوسرے دن بھی بھاری پتھر24 انچ کی سیوریج لائن ملیر15 سے نکالے گئے ہیں۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے مہم کے دوسرے دن کراچی شہر کے دورے کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی وزراء سعید غنی، ناصر شاہ، مرتضی وہاب، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ روشن شیخ، ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ موجود تھے۔ وزیراعلی سندھ نے اپنے دورے کا آغاز لیاری ڈسٹرکٹ ویسٹ سے کیا۔ انہوں نے ملیر، بھینس کالونی کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلی سندھ جب لیاری پہنچے تو جاوید ناگوری اور چیئرمین ڈی ایم سی سائوتھ ایاز ملک نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعلی سندھ نے لیاقت کالونی، نیاآباد کا دورہ کیا جہاں وہ عوام سے ملے اور ان کی شکایات سنیں۔ وزیراعلی سندھ نے کمشنر کراچی کو لیاری سے تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت دیں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات ہٹانے کا کام روزانہ کی اسائنمنٹ کے طور پر کرنا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے ڈی آئی جی سی آئی اے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کو اپنے آفس کے باہر کچرا نظر نہیں آرہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دفتر کے باہر صفائی کروائیں۔ وزیراعلی سندھ نے ڈی آئی جی ٹریفک اور دیگر پولیس افسران کو اپنے دفتر سے خراب گاڑیاں فوری نکالنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے لیاری کی جی ٹی ایس کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلی سندھ نے لکڑی گونڈل علاقے کا دورہ کیا۔ وزیراعلی سندھ نے کمشنر کو کہا کہ کے پی ٹی والوں کو کہیں کہ اپنے علاقے کو صاف کریں۔ انہوں نے ٹرک اسٹینڈ، ماڑی پور کے دورے کے دوران ہاکس بے روڈ پر پرانی گاڑیاں پارک کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ایس ایس پی ویسٹ کو ہدایت کی کہ یہ گاڑیاں فوری طور پر روڈ سے ہٹائیں۔ انہوں نے ڈی ایم سی ویسٹ پر روڈ پر صفائی نہ ہونے پر اپنی ناراضگی کا اظہار بھی کیا۔ سید مراد علی شاہ نے ماڑی پور، مشرف کالونی موڑ اور عارضی جی ٹی ایس کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ یہاں کل رات تک14 کچرے کی گاڑیاں لائی گئیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ مکمل ریکارڈ رکھا جائے، میں تمام رسیدیں چیک کروں گا۔ انہوں نے ملیر ہالٹ، کالا بورڈ اور ملیر15 کے دورے کے دوران وہاں موجود گٹر کا بھی معائنہ کیا۔ وزیرا علی سندھ نے کہا کہ جس کسی نے بھی یہ پتھر گٹروں میں ڈالے ہیں، وہ اس شہر اور شہریوں کا دشمن ہے۔ وزیراعلی سندھ نے قائد آباد پل کے نیچے والے ایریا کا معائنہ کیا اور ڈی سی ملیر کو پل کے ارد گرد تجاوزات ہٹانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی سندھ نے بسوں کے اسٹاپ کو بھی ریگولیٹ کرنے کی ہدایت کی۔ پارٹی اراکین نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا بھینس کالونی ریلوے پھاٹک پر استقبال کیا۔ وزیراعلی سندھ نے بھینس کالونی میں کچرے کی لفٹنگ کا جائزہ لیا۔