• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ملازمین کے وسیع تر مفاد میں ہر سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر بدر جمیل

Sep 23, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز ) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر بدر جمیل نے کہا ہے کہ ملازمین کے وسیع تر مفاد میں ہر سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں، کے ڈی اے ملازمین نے شہر کی ترقی کے لئے بلاشبہ نمایاں خدمات انجام دی ہیں، ملازمین ادارہ کا قیمتی اثاثہ ہیں ان کے مسائل کے حل کے لئے ذاتی حیثیت میں کاوشیں جاری رکھوں گا۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات ڈی جی کے ڈی اے نے سوک سینٹر کانفرنس روم میں یونینز کے سربراہان سمیت عہدیداران سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں کئے گئے اقدامات کے باعث خودانحصاری کی کوششوں کو نقصان پہنچا اب جبکہ درست سمت کا تعین ہوچکا ہے تو تمام افسران و ملازمین سمیت تمام یونینز کی ذمہ داری ہے کہ موجودہ دور میں ادارہ کی فلاح اور مستحکم کرنے میں مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ یونینز کے سربراہان مثبت اقدامات کی نشاندہی کریں تاکہ ادارہ ترقیات کراچی میں موجود بہتری کو گنجائش کو پرُ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنا احتساب خود کریں اور موجود خامیوں کو دور کرنے کے لئے اپنا تمام تر توجہ مرکوز رکھیں، افسران و ملازمین کے بنیادی حقوق کی فراہمی ادارہ کی ذمہ داری ہے اور یہ ذمہ داری ادارہ بخوبی ادا کررہا ہے، کرپٹ افسران کا احتساب کیا جائے گا، ٹھوس شواہد کی نشاندہی پر متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ادارہ کی ساکھ مجروح کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی مفاد کے برعکس الزام تراشیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہئے، تمام افسران و ملازمین ذاتی چپقلش دور کرکے آپس کے روابط مضبوط بناکر ادارہ اور شہریوں کے وسیع تر مفاد میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ افسران و ملازمین کے مالی مسائل کا ادراک ہے، ادارہ ترقیات ملازمین کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے جلد ہی ملازمین کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ملاقات میں ادارہ ترقیات کے انتظامی امور میں مزید بہتری کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مثبت تجاویز و آراء کی روشنی میں ادارہ کو ترقی کی سمت گامزن کرنے پر اتفاق کیا گیا۔