کراچی(غلام مصطفے عزیز ) واٹر بورڈ نے نامعلوم ملزمان کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائنیں اور مین ہولز بند کر کے نکاسی آب کا نظام مفلوج کرنے اور شہر میں نکاسی آب کے مسائل پیدا کرنے کی شرپسندی کا خاتمہ کر دیا ہے، نیشنل ہائی وے سے متصل ماڈل زون ڈسٹرکٹ کورنگی کے مین ہول سے بڑی تعداد میں بھاری پتھر اور اینٹیں برآمد کر لی گئی ہیں، ایم ڈی واٹر بورڈ انجینئر اسداللہ خان نے کامیاب کارروائی پر عملے کو مبارکباد دی ہے۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نیشنل ہائی وے سے متصل ماڈل زون ڈسٹرکٹ کورنگی کے علاقے ملیر 15 کے قریب واٹر بورڈ کے عملے نے 4 دن کی مسلسل محنت کے بعد 24 انچ قطر کی سیوریج لائن کے مین ہول سے بڑی تعداد میں بھاری پتھر نکال لئے۔ بھاری پتھر اور اینٹوں سے ملیر سمیت کئی علاقوں میں کچھ عرصہ سے سیوریج مسائل پیدا ہوگئے تھے۔ ایم ڈی واٹر بورڈ انجینئر اسداللہ خان نے ان علاقوں میں سیوریج مسائل کے حل کیلئے واٹر بورڈ کے انجینئرز اور افسران کو خصوصی ہدایات جاری کی تھیں۔ ایم ڈی واٹر بورڈ نے مسلسل محنت کے بعد کامیابی پر متعلقہ افسران اور عملے کو مبارکباد دی ہے اور انہیں ہدایت کی کہ وہ ان علاقوں کی دیگر مین ہولز کو بھی چیک کریں جبکہ لائنوں کو مکمل صاف کرکے نکاسی آب کا نظام بہتر کیا جائے۔ انجینئر اسداللہ خان نے شہریوں خصوصاً منتخب نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قسم کی شرپسندی کے خلاف نبردآزما واٹربورڈ سے تعاون کریں، اگر کہیں سیوریج مین ہولز اور نکاسی آب کی لائنوں میں کسی کو واٹر بورڈ کا سیوریج نظام مفلوج کرتا دیکھیں تو اس کی اطلاع فوری طور پر واٹر بورڈ کے کمپلین سینٹر کے فون نمبر 021-99245139-40 پر دیں۔