• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

آئی سی سی کی جانب سے منظور شدہ دنیا کا واحد ٹی ٹین ٹورنامنٹ، ابوظہبی ٹی 10 ٹورنامنٹ، متحدہ عرب امارات کے 50ویں قومی دن کے جشن کے لیے مخصوص ہفتے کے آخر تک جاری رہے گا

May 9, 2021

15 روزہ رنگا رنگ کرکٹ میلے سے ٹیلی ویژن کے عالمی ناظرین کی سالانہ شرح میں 79.6 فیصد کا یقینی اضافہ ہوگا

ٹین اسپورٹس مینجمنٹ (ٹی ایس ایم) اور ابو ظہبی کرکٹ (اے ڈی سی) نے مقبول ترین ابو ظہبی ٹی ٹین کرکٹ کے شاندار پانچویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ رواں سال یہ ٹورنامنٹ 15 روز تک کھیلا جائے گا، جو کہ متحدہ عرب امارات کے پچاسویں قومی دن کے جشن کی مناسبت سے اعلان کردہ عام تعطیل کے لیے مقررہ ہفتہ کے آخر تک جاری رہے گا۔ یہ ایونٹ 19 نومبر سے 4 دسمبر تک جاری کھیلا جائے گا۔

کرکٹ کے تیز ترین فارمیٹ (دس دس اوورز پر مشتمل میچز) کا پانچواں ایڈیشن، ماضی کے برعکس ابو ظہبی ٹی ٹین 2021 میں شامل میچز کی تعداد میں اضافہ کرکے ایونٹ کی مدت کو 15 روز تک بڑھا دیا گیا ہے، گزشتہ سال یہ ٹورنامنٹ 10 روز میں مکمل ہوگیا تھا۔

شجیع الملک، ٹی ٹین کے مالک اور چیئرمین ٹین اسپورٹس مینجمنٹ :

ٹی ٹین لیگ کے مالک اور چیئرمین ٹین اسپورٹس مینجمنٹ شجیع الملک کا کہنا ہے انہیں فخر ہے کہ 2017 میں صرف چار ٹیموں سے شروع ہونے والا یہ ٹورنامنٹ آج دنیا کے کرکٹ کیلنڈر میں اپنا ایک خاص مقام رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے بہترین کھلاڑیوں کو اس مقبول ترین فارمیٹ میں کھیلتا دیکھ کر انہیں دلی مسرت ہوتی ہے، جہاں نئے کرکٹرز کو نامور کھلاڑیوں کے شانہ بشانہ کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔

ٹی ٹین کے مالک کا مزید کہنا ہے کہ وہ اے ڈی سی کے اشتراک سے اس ٹورنامنٹ کو متحدہ عرب امارات کے پچاسویں قومی دن کے موقع پر منعقد کروارہے ہیں تاکہ مداحوں کو شاندار اور سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے۔

حکومت ابو ظہبی اور ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے تعاون سے اے ڈی سی نے ابوظہبی ٹی ٹین لیگ کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس دوران انہوں نے جنوری/فروری 2021 میں کوویڈ 19 کی عالمی وباء کے باعث درپیش چیلنجز کے باوجود ایک کامیاب سیزن منعقد کرواکر دنیا بھر میں پذیرائی حاصل کی۔ ٹورنامنٹ میں کوویڈ 19 سے بچاؤ کی غرض سے سخت پروٹوکولز کا نفاذ بھی کامیابی سے کیا گیا۔ اس دوران دنیا بھر سے 63.9 ملین ناظرین اپنی ٹیلی ویژن سکرین کے سامنے بیٹھ کر ایونٹ کے ان میچز سے محظوظ ہوئے، جو ٹیلی ویژن کے عالمی ناظرین کی سالانہ شرح سے 79.6 فیصد زائد ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور ایمریٹس کرکٹ بورڈ، دونوں سے منظور شدہ ابوظہبی ٹی ٹین کا آغاز 2017 میں ہوا تھا، راؤنڈ رابن میچز، ایلیمنیٹرز اور فائنل پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں کھیلی جانے والی سنسنی خیز کرکٹ کو دنیائے کرکٹ میں خوب پذیرائی حاصل ہے۔

عزت مآب عارف ال اعوانی، جنرل سیکرٹری، ابو ظہبی اسپورٹس کونسل:

ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے جنرل سیکرٹری عزت مآب عارف ال اعوانی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹین کو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں لا کر ہم نے ابوظہبی کو کرکٹ کے سب سے سنسنی خیز فارمیٹ کا گھر بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابوظہبی ٹی ٹین کے اب تک چار ایڈیشنز میں 144.2 ملین کی عالمی آڈینس اور سوشل میڈیا پر 800 ملین سے زائد ویڈیو پر ویوز سے نہ صرف اس ٹورنامنٹ کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے بلکہ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے ہم مزید کھلاڑیوں، نوجوانوں اور بزرگوں سمیت کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے مداحوں کو اپنی طرف مائل کرسکتے ہیں۔

ایمریٹس کرکٹ بورڈ نے ابوظہبی ٹی ٹین کے پانچویں سیزن کی مدت بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مبشر عثمانی، جنرل سیکرٹری ایمریٹس کرکٹ بورڈ:

ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے جنرل سیکرٹری مبشر عثمانی کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار سیزنز میں ابوظہبی ٹی ٹین کی مقبولیت میں اضافہ ہونا ای سی بی کے لیے بہت اچھا ہے. انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ہمارے کھلاڑیوں کے لیے دنیا کے نامور کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا ایک بہترین موقع ہے، جس سے ہمارے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار آئے گا، ہمیں یقین ہے کہ اس کے آئندہ ایڈیشن کی کامیابی سے ٹورنامنٹ کے میچز کی تعداد میں اضافے سے کرکٹ کے مداحوں کو متحدہ عرب امارت کے اس اہم سال میں طویل دورانیے تک سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی.

ماضی میں کیرالہ کنگز اور مراٹھا آریبیئنز ایک ایک جبکہ ناردرن واریئرز دو مرتبہ ابوظہبی ٹی ٹین کی چیمپئنز رہ چکی ہیں