کابل (نمائندہ خصوصی) افغانستان میں ایک یونیورسٹی بس کو دھماکے سے اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں چار لیکچرار جان کی بازی ہار گئے۔
افغان میڈیا کے مطابق البیرونی یونیورسٹی کی بس کو ضلع بگرم میں نشانہ بنایا گیا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ بس کے پرخچے اڑ گئے اور 20 کے قریب اساتذہ اور تعلیمی عملہ اندر ہی پھنس گیا۔ ریسکیو حکام نے بس کو کاٹ کر زخمیوں اور لاشوں کو باہر نکالا۔
افغان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اس دھماکے میں چار لیکچرار جاں بحق جب کہ 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے چھ کی حالت نازک ہے۔ تاحال کسی بھی شدت پسند گروہ کی جانب سے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔ دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے واضح کیا ہے کہ طالبان کا اس حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔